Sunday 21 June 2020

Happy Father's Day

"زندگی کا "ب

میری زندگی کا "الف" امی اور "ب" بابا ہیں کیونکہ۔ ۔ ۔جہاں تک میری یاداشت ہے، مجھے بچپن سے ہی "امی" "ابو" کو محبت کرنے کی "بیماری" ہے ۔ وقت کے ساتھ یہ بیماری بڑھتی رہی اور آخر ہم "لا علاج" ہو گئے۔ کروناوائرس کی طرح پھیلی اس بیماری میں "درد اور ڈد" نہیں بلکہ "سکون اور سلامتی" ہے۔ اگر اس بیماری کی "دوا" اور "دعا" کا ذکر کریں تو جب جب امی ابو کو دیکھا آرام آیا اور "رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا" کو دھرایا۔
خدا گواہ ہے کے نا صرف ابو نے اپنے نصف درجن بچوں کی درجن بھر ضروریات اور خواہشات کو ہر دم پورا کیا بلکہ ہماری طرف آنے والی ہر ناگہانی آفت کوبھی اپنابنا لیا اور انکی"چیئر لفٹ"مانند زندگی وقت کے ساتھ ساتھ "ویل چیئر" کی محتاج ہو گئی۔
بہت دکھ ہوتا ہے ناں ! امی ابو کو اپنے سامنے بوڑھا ہوتے دیکھنا خاص کر ابو کو جو آپ کے"گاڈ میڈ" رول ماڈل ہوں !!! 
بچپن میں "آپکا" صبح صبح ہمیں سکول لے کر جانا نجانے کب "آپکو" صبح صبح ہسپتال لے کر جانے میں تبدیل ہو گیا پتا ہی نہیں لگا۔ کبھی آپ چلتے تھے تو ہم شان سے آپ کے کندھوں پر سوار ہو جاتے تھے مگر آج جب آپ ہمارے کندھے پر ہاتھ رکھ کر چلتے ہیں تو وہ شان مزید بڑھ جاتی ہے۔
ابو جی۔ ۔ ۔ہماری زندگی کی ہر کامیابی آپ سے جڑی ہے، ہم پردیس میں "آباد" تو ہیں پر "شاد" آپ سے ہیں۔ زندگی میں "دکھ" تو ہیں پر "سکھ" آپ سے ہیں۔ہمارا "ٹائم زون" جو بھی ہو "ٹائم روٹین" آپ سے جڑی ہے۔زندگی کے "حقوق" کا تو علم نہیں پر "فرائض" آپ نے سکھلائے۔ہم سب بہن بھائیوں پر "باپ" کی "چھاپ" ایسی ہے کے ہمارا ہر اچھا "اسلوب"ہر بار آپ سے "منصوب" ہے کیونکہ ہمیں ابھی "بڑا" نہیں بننا کہ ہمارے "بڑے" آپ ہیں۔ جب تک آپکی حفاظت میں ہیں ہماری زندگی میں بے فکری ہی بے فکری ہے کہ "ابو" ہیں ناں۔ ۔ ۔لیکن آج کل آپ کا ذکر جب بھی آتا ہے ہم سب کو ایک عجیب سا فکر چھو کر جاتا ہے۔ اللہ پاک آپ کو صحت والی لمبی ذندگی عطا فرمائیں(آمین)
"بابا سائیں" بچپن میں ریڈیو پہ آتی آپکی آوازکو ہم دور سے پہچان لیتے تھے اور اب عمر کے اس حصے میں بھی جب آپکے بلانے کی آواز آتی ہےتو ڈد سے دل ایک بار دھک دھک ضرورکرتا ہے۔اگرچہ آپ نے گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ ہمیں دے دی ہے پر ہماری ذندگی کی ڈرائیونگ سیٹ پر آپ ہی ہیں اور اس سفر میں "سپیڈو میڑ" سے زیادہ آپکے "اینگر و میٹر" پر نظر رہتی ہے لیکن آپ کا غصہ لمحوں جیسا اور پیار صدیوں کی طرح ہے۔ 
کہتے ہیں کے باپ کی موجودگی سورج کی طرح ہوتی ہے، دعا ہے کے ہمارے سورج کو لگے سارے گرہن جلدی سے اتریں اور ہمارے چھوٹے چھوٹے کمسن چاند ستاروں کو  دادا اور نانا کی صورت آپ کی  روشنی ہمیشہ ملتی رہے 

(آمین)

No comments:

Post a Comment

میرا پسندیدہ فکشنل کردار

(The Happy Prince)🤴 میرا پسندیدہ فکشنل کردار زندگی بھر ہم بے شمار "حقیقی" اور "فکشنل" کرداروں کا سامنا کرتے ہیں,کچھ ان...